اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس کے انسپیکٹر جنرل نے اعلان کیا ہے کہ کل تمام افسران و اہلکار تھلیسیمیا کے مریضوں کو خون کے عطیات دیں گے۔
ملک بھر میں ہونے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے تھلیسیمیا کے مریضوں کو خون کی کمی کا سامنا ہے اور اسی وجہ سے بلڈ کے عطیات میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے صورت حال کے پیش نظر تھیلیسیما کے مریضوں کے لیے بڑا اعلان کیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی جی کے احکامات کے مطابق اسلام آباد پولیس کے تمام افسران اور اہلکار مریضوں کے لیے خون کے عطیات دیں گے۔
یاد رہے کہ شہر قائد میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کے عطیات کی فراہمی متاثر ہونے کے بعد سیاسی رہنما میدان میں آئے اور انہوں نے عطیات دینے کی ایپل کی تھی۔
مزید پڑھیں: کراچی میں سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی تھلیسیمیا بچوں کے لیے خون کی اپیل
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اکتیس مارچ کو تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے ایک بوتل خون کا عطیہ دیا۔ گورنر سندھ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے سبب بلڈ بینکس میں خون کی کمی قابل تشویش ہے، اس صورت حال کے باعث خون کی بیماریوں مبتلا بچوں اور افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔