کراچی : آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے دوران صوبے میں قیام امن کے حوالے سے اختیار کردہ پولیس اقدامات ، پولیو ڈراپس مہم سمیت عوام کے جان و مال کی سلامتی سے متعلق پولیس کنٹی جینسی پلان ، جرائم کے خلاف جاری کراچی آپریشنز اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر سمیت ایسٹ ویسٹ ساؤتھ ، کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ ، ہیڈکوارٹرز کے ڈی آئی جیز ، ضلعی ایس ایس پیز ، آپریشنز ، انویسٹی گیشنز ، ایس ایس یو ، سی ٹی ڈی کراچی کے ایس ایس پیز کے علاوہ آپریشنز ، ایڈمن ، سی آئی اے کے اے آئی جیز و دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے گذشتہ دو ماہ کے دوران پولیس کی مجموعی کارکردگی کا خصوصی حوالوں سے تفصیلی احاطہ کیا۔ آئی جی سندھ نے اجلاس کو ہدایات دیں کہ جرائم کے خلاف کراچی آپریشنز اور نیشنل ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عمل درآمد کے لیے پولیس آپریشنل ، انویسٹی گیشن اور دیگر شعبہ جات مربوط اور مؤثر اقدامات کے ضمن میں اپنی انفرادی و اجتماعی کارکردگی کو ہر سطح پر غیر معمولی بنائیں اور تمام تر پیشہ ورانہ امور میں غیر جانبدارانہ اقدامات کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے ہدایات دیں کہ اسٹریٹ کرائمز ، دیگر سنگین جرائم کی روک تھام ، پولیو ویکسینیشن مہم ومختلف اہم ایونٹس کے حوالے سے مرتب کردہ سیکیورٹی منصوبوں کا از سرنوجائزہ لیکر جملہ سیکیورٹی امور کو ہرسطح پر مذید ٹھوس اورغیرمعمولی بنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی منصوبیکے تحت اسٹریٹ کرائمز ودیگرجرائم سے متاثرہ علاقوں میں اسنیپ چیکنگ ، پیٹرولنگ اور مختلف پوائنٹس پر پکٹنگ جیسے اقدامات کو موْثر بناتے ہوئے ہر ممکن انسداد کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے آپریشنز و انویسٹی گیشنز کے ایس ایس پیز کو ہدایات دیں کہ مختلف نوعیت کے جرائم اور باالخصوص اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے سلسلے میں سنجیدہ کاوشیں کی جائیں اور گرفتار ملزمان کی تفتیش کے جملہ اقدامات کو غیر جانبدارانہ اور ٹھوس بناتے ہوئے متعلقہ عدالتوں سیمثالی سزاوْں کے عمل کو ممکن بنایا جائے۔
انہوں نے ضلعی ایس ایس پیز آپریشنز و انویسٹی گیشنز کو اس حوالے سے ہر پندرہ دنوں پر مشتمل کارکردگی رپورٹ برائے ملاحظہ ارسال کرنیکی بھی ہدایات دیں پولیو ویکسینیشن مہم کے حوالے سے سیکیورٹی پلان کے جملہ امور کوپیشہ ورانہ لحاظ سے ناصرف قابل عمل بنایا جائے بلکہ تمام تمام تر اقدامات میں پولیو اسٹاف ، خواتین ، بچوں ودیگر شہریوں کے تحفظ سمیت حفاظت خود اختیاری کے تحت بلٹ پروف جیکٹس کے استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے۔
آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ مقدمات میں پولیس کو مطلوب ، مفرور ، اشتہاری ملزمان کی یقینی گرفتاریوں کے حوالے سے تمام تھانوں ، انٹیلی جینس اسٹاف کے پاس ایسے ملزمان کی فہرستوں کی دستیابی کو ممکن بنایا جائے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ امن وامان اور شہریوں کے تحفظ کے ضمن میں اختیار کردہ حکمت عملی و لائحہ عمل میں کسی بھی سطح پر کوئی غفلت یا لاپروائی ناقابل برداشت ہوگی۔