کراچی: آئی جی سندھ پولیس ڈاکٹر کلیم امام نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائم کے خلاف اعلان جنگ کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ چوری و چھینےگئےموبائل فونزکی خریدوفروخت کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ کی زیرصدارت سینٹرل پولیس آفس میں اجلاس ہوا جس میں انسداد اسٹریٹ کرائمز کی حکمتِ عملی اور اقدامات کی بابت امور پر بریفینگ دی گئی۔
ڈاکٹر کلیم امام نے ہدایت کی کہ کراچی کےمخصوص پوائنٹس پرروزانہ کی بنیادپر2گھنٹےاسنیپ چیکنگ کی جائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے پولیس اہلکاروں کو300موٹرسائیکلیں دینےکا اعلان بھی کیا گیا۔
مزید پڑھیں: کراچی: اسٹریٹ کرائم کی 200 وارداتوں میں ملوث سرکاری افسران کے بچے گرفتار
آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ تمام تھانہ ایس ایچ اوز کو گاڑیاں دی جائیں اور جرائم کے خلاف مدد دینے یا اُس کی اطلاع دینے والے شہری کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے اور اُسے نقد انعام بھی دیا جائے۔
واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ کئی ماہ سے اسٹریٹ کرائم کا جن بے قابو ہے، نامعلوم مسلح افراد اسلحے کے زور پر شہریوں سے موبائل، گاڑی، موٹرسائیکل اور نقدی سے محروم کردیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم عمران خان کا کراچی میں اسٹریٹ کرائمز اور بچوں کے اغوا پر اظہارِ تشویش
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں کراچی کا دورہ کیا جس میں انہوں نے شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم اور بچوں کے اغوا کی وارداتوں پر سخت تشیویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو فوری طور پر اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا۔