کراچی میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی اور موٹر سائیکل چلانے والوں گاڑیاں ضبط کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ ٹریفک جام کی بڑی وجہ غیر تربیت یافتہ ڈرائیونگ ہے، بغیر لائسنس گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہوگی، ایسے افراد کی گاڑی اور موٹر سائیکلیں ضبط ہوں گی۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے لیے ایک اور نظام لا رہے ہیں، دو دفعہ ایک ہی شخص کے چالان پر اس کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔
غلام نبی میمن نے کہا کہ ای ٹیگنگ کی مدد سے عادی ملزم پر نظر کھی جائے گی، مقدمہ فوراً درج کرنے والا ایس ایچ او گھر جائے گا جبکہ ایس ایس پی کو مقدمہ درج نہ ہونے کا جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مقدمات درج نہ ہونے سے ملزمان کو فائدہ ہوتا تھا، ماضی میں کچے کے ڈاکوؤں سے ڈیل کرلی جاتی تھی، ان سے ڈیل نہیں ہوگی، آپریشن جاری رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ پولیس نے صوبے بھر میں سال 2024 میں 21 ہزار ملزمان کو گرفتار کیا، کچے کے ڈاکوؤں نے 2024 میں 355 شہری اغوا کیے، پولیس نے 344 کو بازیاب کروایا، 11 مغویوں کی بازیابی باقی ہے۔