کراچی: آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے خواتین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سنسان علاقے اکیلے نہ جائیں۔
تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر کے بعد مختلف علاقوں میں چاقو بردار شخص کے حملوں کو دیکھتے ہوئے آئی جی سندھ نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ سنسان علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔
قبل ازیں 3 گھنٹے میں گلستان جوہر کے علاوہ گلشن جمال ، نیپا اور گلشن چورنگی کے قریب چاقو بردار شخص نے 5 خواتین پر حملہ کر کے انہیں زخمی کیا۔
چاقو بردار شخص کو وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نفسیاتی مریض قرار دے چکے ہیں جبکہ اے آر وائی پر یکے بعد دیگرے خواتین پر حملوں کی خبریں نشر ہونے پر وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لیا اور آئی جی سندھ کو حملہ آور کی جلد از جلد گرفتاری کی ہدایت جاری کی۔
اسی سے متعلق : کراچی میں چاقو کے وار سے ایک اور خاتون زخمی، تعداد 7 ہوگئی
اس ضمن میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل سعید نے کہا کہ ڈی آئی جی ایسٹ اس معاملے کی تفتیش کررہے ہیں، ان حملوں کے پیچھے کوئی گینگ ملوث نہیں بلکہ یہ ایک ہی شخص کررہا ہے۔
خیال رہے گزشتہ دو ہفتوں میں گلستان جوہر کے علاقے میں سات سے زائد خواتین پر چاقو سے مختلف اوقات میں وار کیے گئے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آچکی ہے تاہم اب تک پولیس دبلے پتلے اور کالے لباس میں ملبوس ہیلمٹ پہنے موٹر سائیکل سوار ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔