اسلام آباد : آئی جی سندھ غلام بنی میمن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی حمایت کردی اور کہا کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ ہو سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی، دوران سماعت آئی جی سندھ نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی حمایت کردی۔
آئی جی سندھ نے موقف میں کہا کہ کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوارواقعہ ہو سکتا ہے، ماضی میں ہونے والے انتخابی عمل بہتر رہے۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ آپ اس الیکشن کو پائلٹ پراجیکٹ کے بور پرلیں، جس پر آئی جی سندھ نے بتایا کہ ہمارے جوان شہید ہوئے ہیں ،17 ہزار نفری کی کمی ہے۔
غلام بنی میمن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کےحکم پرانتخابات کرالیں گے لیکن سیکیورٹی مسائل ہوں گے، 2015 میں کراچی بلدیاتی انتخابات میں 17افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں امن و امان کی صورتحال بہتررہی، کراچی کے 3ضمنی انتخابات میں بھی امن و امان کی صورتحال بہتر رہی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کراچی میں پرامن ضمنی انتخابات سے اعتماد میں اضافہ ہونا چاہیے تھا،آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سیلاب صورتحال سے نمٹتے ہوئے پولیس کے 5 جوان شہید ہوچکے ہیں، جن علاقوں سے اہلکار منگوائے جائیں گے وہاں امن و امان کی صورت حال خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
غلام بنی میمن نے کہا کہ کراچی بلدیاتی انتخابات میں 17 ہزار اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے، جس پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ووٹرز کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائے گا۔