اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے افسران کی پروموشن پر حکم امتناع جاری کر دیا۔
گریڈ اکیس کی افسر شاہ بانو غزنوی کی گریڈ 21 سے گریڈ 22 میں ترقی کیلیے ہائی پاور بورڈ میں نام شامل کرنے کی درخواست پر پروموشن کیلیے ہائی پاور سلیکشن بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں افسران کی پروموشن پر حکم امتناع جاری کیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ ایف بی آر کے افسران کی ترقی کیلیے 12 مارچ تک ہائی پاور سلیکشن بورڈ کا اجلاس نہ کیا جائے، ایف بی آر کی حد تک گریڈ 21 سے گریڈ 22 تک افسران کی ترقی کے حوالے ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ کی آئندہ سماعت تک میٹنگ منعقد نہ کی جائے۔
متعلقہ حکام کو عدالتی احکامات سے متعلق بزریعہ ٹیلی فون آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ عدالت نے کہا کہ تحریری حکمنامہ دستخط ہونے سے پہلے عدالتی احکامات سے متعلق ایف بی آر کو آگاہ کیا جائے۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان 12 مارچ تک کام روکنے کے احکامات جاری کیے، کیس کی مزید سماعت 12 مارچ کی ہوگی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے چیئرمین ایف بی آر اور پرائم منسٹر آفس کے سیکرٹری کو بیان حلفی بھی جمع کروانے کا حکم دیا گیا۔
عدالت نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر بیان حلفی دیں کہ پٹیشنر کا نام ایڈمن پُول میں رکھنے کی سمری نہیں بھجوائی گئی، سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر بیان حلفی دیں کہ انہیں چیئرمین ایف بی آر سے ایسی کوئی سمری موصول نہیں ہوئی، اگر بیان حلفی جمع نہ کرائیں تو آئندہ سماعت سے قبل متعلقہ سمری کو ریکارڈ پر رکھا جائے۔