اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں فریال تالپور کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بینچ نے فریال تالپور کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ عدالتی حکم پر پراسیکیوٹر جنرل نیب اصغر علی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ یہ پیسےکس کے اکاؤنٹ میں گئے جس پر انہوں نے جواب دیا کہ جی ڈیڑھ کروڑ روپے فریال تالپور کے اکاؤنٹ میں گئے۔
انہوں نے کہا کہ اے ون انٹرنیشل اکاؤنٹ جعلی بینک اکاؤنٹ ہے، اس اکاؤنٹ میں 30 ملین کے 2 ٹرانزکشن ہوئی ہیں عدالت نے استفسار کیا کہ اس کیس میں کتنے ملزمان کو گرفتار کیا گیا جس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ اس کیس میں 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریال تالپور کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
آصف علی زرداری کو رہا کردیا گیا
اس سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری نے طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ درخواست گزار مختلف قسم کی بیماریوں کا شکار ہے اور انھیں 24 گھنٹے طبی امداد کی ضرورت ہوتی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی تھی عدالت طبی حالات کی سنگینی کے پیش نظر درخواست ضمانت منظور کرے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے منی لارنڈرنگ اور پارک لین کے مقدمات میں 11 دسمبر کو آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کی تھی، سابق صدر کو احتساب عدالت میں ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کے بعد رہا کیا گیا تھا۔