اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی لائیو تقاریر اور بیانات پر پابندی کے لیے متفرق درخواست کی سماعت پر نواز شریف کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف کی لائیو تقاریر اور بیانات پر متفرق درخواست کی سماعت ہوئی ، سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل رکنی بنچ جسٹس عامر فاروق نے کی۔
درخواست گزار مخدوم نیاز انقلابی ایڈووکیٹ نے اپنے درخواست کی پیروی کی اور کہا کہ نواز شریف مسلسل میڈیا پر عدلیہ اور دیگر قومی اداروں کی توہین کر رہا ہے، کیس کا فیصلہ ہونے تک نواز شریف کی براہ راست تقریر نشر کرنے پر حکم امتناع جاری کیا جائے۔
مخدوم نیاز انقلابی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ اخبارات میں بھی نواز شریف کے بیانات شائع کرنے پر پابندی عائد کیا جائے، جس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ عدالت کو توہین عدالت سے متعلق قانونی نقطہ بتائیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا جبکہ وزارت اطلاعات، پیمرا اور پریس کونسل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 3 جولائی تک کے لئے ملتوی کر دیا۔