اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد کو بڑا ریلیف دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر شاہ محمد کی نا اہلی سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے نا اہل قرار دیئے جانے پر رکن صوبائی اسمبلی شاہ محمد نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کئے اور کیس کی مزید سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ یکم فروری کو کے پی میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں ہونے والی پولنگ کے دوران ضلع بنوں کی تحصیل بکاخیل میں امن و امان کیس میں الیکشن کمیشن نے اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد کو امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے امن و امان کے کیس میں شاہ محمد اور مامون الرشید کو نا اہل قرار دیا تھا، درخواست گزار شاہ محمد کی جانب سے عدالت میں کہا گیا تھا کہ حملہ مامور خان نے کیا اور خود ہی الیکشن کمیشن میں متاثرہ فریق بن گئے۔