اسلام آباد: ہائی کورٹ نے اے آروائی نیوز کے سی ای او سلمان اقبال کی درخواست منظور کرتے ہوئے ماتحت عدالت کو ان کے خلاف کارروائی سے روک دیا ہے، سلمان اقبال کے خلاف انڈی پینڈنٹ گروپ نے ایک بے بنیاد مقدمہ درج کروایا ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت میں ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل سلمان اقبال پر مخالف گروپ نے کاروباری حسد کی وجہ سے ایک بے بنیاد اور من گھڑت مقدمہ درج کروایا ہے۔
مخالف میڈیا گروپ نے ماتحت عدالت میں دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ اے آروائی نیوز ان کے خلاف اپنے ٹی وی پروگراموں میں ہتک آمیز مواد چلا رہا ہے۔
فیصل چوہدری نے اپنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سلمان اقبال کے خلاف نہ تو کوئی دستاویزی شہادت ہے اور نہ ہی کسی گواہ نے سلمان اقبال کے خلاف اپنے بیان میں کوئی ذکر کیا ہے، اس لیے ماتحت عدالت کو سلمان اقبال کے خلاف کارروائی سے روکا جائے اور انہیں اس مقدمے سے خارج کیا جائے۔
فاضل عدالت نے دلائل سننے کے بعد سلمان اقبال کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی اور حکم دیا کہ ان کے خلاف کارروائی روک دی جائے۔
فاضل عدالت نے مخالف فریق کو سات یوم میں جواب داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔