اسلام آباد: کرپشن ریفرنسز میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بریت کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی اپیلوں پر اعتراضات دور کرلیے گئے جس کے بعد اپیلوں کو اگلے ہفتے سماعت کے لیے مقرر کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی بریت کے خلاف نیب کی اپیلوں کو سماعت کے لیے منظور کرلیا۔
نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف اور العزیزیہ ریفرنس میں ان کی سزا بڑھانے کی درخواست دائر کی تھی تاہم رجسٹرار آفس نے دونوں اپیلوں پر اعتراض عائد کردیا تھا۔
آج نیب حکام نے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ کر درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کردیے جس کے بعد نیب کی اپیلیں آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کرلی گئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس 24 دسمبر کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ سنایا گیا تھا۔
فیصلے میں نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں مجرم قرار دیتے ہوئے گرفتار کیا گیا جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا گیا تھا، بعد ازاں ان کی درخواست پر انہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے بجائے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا۔
فیصلے کے بعد نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف اپیل دائر کی جبکہ دوسری اپیل میں ان کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا بڑھانے کی استدعا کی گئی۔