اسلام آباد: العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی، اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ 18 ستمبر کو سماعت کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں اٹھارہ ستمبر کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کی اپیل کی سماعت ہوگی۔
احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کا بیان حلفی بھی اپیل کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے، جج بلیک میلنگ اسیکنڈل سامنے آنے کے بعد کیس میں نئے نکات زیر بحث آئیں گے۔
نواز شریف کی سزا معطلی کے لیے نئی درخواست پیر کو دائر کی جائے گی، جب کہ کیس کی سماعت تک نواز شریف کو ضمانت پر رہائی کی استدعا کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو پی آئی سی منتقل نہ کرنے کا فیصلہ ، طبی سہولتیں جیل میں ہی دینے کا حکم
واضح رہے کہ تین دن قبل وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اشارہ دیا تھا کہ نواز شریف نیب کے قیدی ہیں، اگر ان کے ساتھ پلی بارگین ہوگی بھی تو وہ نیب ہی کرے گی، پلی بارگین نیب قوانین میں شامل ہے، وہ کسی بھی قسم کی ڈیل کر سکتی ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف انھوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے۔