بھارت میں پیشگوئیوں کے حوالے سے مشہور سادھو ابھے سنگھ عرف آئی آئی ٹی بابا کو جے پور پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
اپنی پیشگوئیوں سے بھارت اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پاک بھارت ٹاکرے میں پاکستان کی جیت سے متعلق غلط پیشگوئی کرکے دنیا بھر میں مشہور ہونے والے ابھے سنگھ عرف آئی آئی ٹی بابا کو جے پور پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مہا کمبھ میلے کے دوران سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اور گزشتہ سال کچھ پیشگوئیاں کرنے والے آئی آئی ٹی بابا ابھے سنگھ کو جے پور پولیس نے ایک ہوٹل سے گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی آئی ٹی بابا نے سوشل میڈیا پر خودکشی کی دھمکی دی تھی جس کے بعد پولیس حرکت میں آئی۔ تاہم گرفتاری کے وقت ملزم کے پاس سے گانجہ بھی برآمد ہوا ہے، جس کے بعد اس کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت بھی کارروائی ہو سکتی ہے۔
پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر بھی درج کر کے آئی آئی ٹی بابا سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
گرفتاری سے متعلق آئی آئی ٹی بابا کا دلچسپ بیان بھی وائرل:
تاہم اس سارے معاملے کا دلچسپ پہلو یہ ہے کہ آئی آئی ٹی بابا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کر کے اپنی گرفتاری کا پورا واقعہ بیان کیا ہے۔
انھوں نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ ہوٹل میں پولیس آ گئی ہے، میں نے سامان پیک کر لیا ہے، پولیس ایف آئی آر درج کر رہی ہے۔ اس ویڈیو کے کیپشن میں بابا نے لکھا ہے
’’ہمیں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے کچھ وکیل چاہئیں، جو کیس کے خلاف لڑ سکیں۔‘‘
آئی آئی ٹی بابا نے اپنے پاس سے برآمد گانجا کو مہادیو کا پرساد قرار دیتے ہوئے کہا کہ سبھی بابا پیتے ہیں۔ پولیس اس کو غیر قانونی کہہ رہی ہے، لیکن سادھوؤں نے تو اسے برسرعام پیا ہے، سبھی کے سامنے ثبوت موجود ہے۔ اگر غیر قانونی ہے تو سبھی کو پکڑو۔
انہوں نے اپنے ویڈیو میں بھارت چھوڑنے کی دھمکی دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ یہ لوگ (پولیس) مجھے لائیو کرنے کی اجازت نہیں دے رہے اس لیے سنبھالو اپنا سناتن، میں دوسرے ملک جا کر بھی سناتن بنا سکتا ہوں۔ سچائی کی کوئی کمی نہیں ہے۔
آئی آئی ٹی بابا نے اپنے مداحوں سے متعلق کہا کہ لوگ صرف میسج کر رہے ہیں لیکن کوئی مدد نہیں کر رہا۔ پولیس والے میرے ساتھ ہیپی برتھ ڈے منا رہے ہیں۔ میں تھک چکا ہوں، میرے پاس کچھ بھی نہیں بچا ہے نہ پیسے اور نہ ہی رابطے۔
’’23 فروری کو پاکستان جیتے گا‘‘، بھارت کے اندر سے بڑا دعویٰ سامنے آ گیا