اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تجاوزات پر کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے، رہائشی وکمرشل منصوبوں کے لیے قوائد وضوابط مرتب کیے جائیں۔
تفصیلات وزیرداخلہ اعجاز شاہ کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں اجلاس ہوا جس میں راولپنڈی انتظامیہ سمیت ایوی ایشن ڈویژن کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد ایئرپورٹ کے اطراف رہائشی، کمرشل منصوبوں کے مسائل زیرغور آئے۔
اس موقع پر اعجاز شاہ نے کہا کہ غیر قانونی تجاوزات پر کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے، رہائشی وکمرشل منصوبوں کے لیے قوائد وضوابط مرتب کیے جائیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ تیار کردہ قوائد و ضوابط کی پاسداری یقینی بنائی جائے، قانون کی پیروی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ انہوں نے انتظامیہ کو درست سمت میں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سی ڈی اے کی جانب سے قائد اعظم یونیورسٹی کے قریب اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن میں غیر قانونی تعمیرات اور درجنوں کھوکھے گرائے گئے۔
قائد اعظم یونیورسٹی کے قریب اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، سی ڈی اے انفورسمنٹ اور پولیس اہلکار شریک تھے۔