اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ترکی کے ڈپٹی وزیر داخلہ مہمت ارسوئی سے ملاقات کے دوران کہا کہ ترکی کی جانب سے پاکستان کی ہر فورم پر حمایت کے لیے شکر گزار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ترکی کے ڈپٹی وزیر داخلہ مہمت ارسوئی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ترک سفیر نے بھی شرکت کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم معاملات زیر غور آئے جبکہ مہاجرین اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے مسئلے سے متعلق بھی بات چیت ہوئی، ترک وزیر نے پاکستان کی جانب سے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
ترک وزیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں تعلقات کی بہتری کے لیے وزارت داخلہ کا اہم کردار ہے۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ ترکی کی جانب سے پاکستان کی ہر فورم پر حمایت کے لیے شکر گزار ہیں، ترک صدر رجب طیب اردوان کا دورہ بھی نہایت کامیاب تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کے قوائد و ضوابط کے تحت لوگوں کی شناخت میں آسانی ہوئی، امید ہے تمام دیگر مسائل مکمل طور پر جلد حل کر لیں گے۔
اس سے قبل وزیر داخلہ نے نائب معاون امریکی وزیر خارجہ ایلس ویلز سے ملاقات کرتے ہوئے کہا تھا کہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو حل کرلیا ہے، پاسپورٹ اور سفری دستاویزات کی تصدیق کا عمل مرتب کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ این جی اوز کی رجسٹریشن کے لیے لائحہ عمل مرتب کرلیا ہے، معیار پر پوری اترنے والی تنظیموں کو کسی مشکل کا سامنا نہیں ہے۔