کراچی: وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے پاکستان رینجرز (سندھ) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، وزیر داخلہ نے دہشت گردی اور جرائم کے تدارک پر رینجرز کے کردار کو سراہا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے پاکستان رینجرز (سندھ) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل عمر احمد بخاری کی ملاقات ہوئی۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور دعا کی۔
رینجرز ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کو پاکستان رینجرز (سندھ) کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران انہیں مشرقی سرحد اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے دہشت گردی اور جرائم کے تدارک پر رینجرز کے کردار کو سراہا۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ سندھ میں امن یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
اس سے قبل وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے درمیان ملاقات کے دوران صوبے میں مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورت حال مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔