اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی سے فون پر رابطہ کر کے پی ایس ایل فائنل جیتنے پر مبارک باد پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کو بنی گالہ سے فون کیا اور انہیں پی ایس ایل میں شاندار فتح پر مبارک باد پیش کی۔
چیئرمین تحریک انصاف نے پشاور زلمی کے مالک اور اُن کے اسپورٹس بورڈ عمر اسوسی ایٹ کی خدمات کو سراہا اور آئندہ بھی ملک و قوم کی خدمت کرنے کے لیے ایسے ہی کردار ادا کرنے پر زور دیا۔جاوید آفریدی نے نیک تمناؤں اور مبارکباد پر عمران خان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
پڑھیں: ’’ عمران خان نے پاکستان آنے والےغیرملکی کھلاڑیوں کوپھٹیچر کہہ دیا ‘‘
یاد رہے گزشتہ روز عمران خان نے اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پی ایس ایل فائنل کھیلنے والے کھلاڑیوں کو غیر معروف اور پھٹیچر کہہ کر مخاطب کیا تھا۔
تحریک انصاف کے سربراہ کے بیان کے بعد عوام اور سیاسی جماعتوں نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پی ایس ایل فائنل کو عمران خان کی شکست قرار دیا۔