دبئی: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ متحدہ عرب امارات کا مشترکہ اعلامیہ جاری ہوگیا جس میں دونوں ممالک نے اپنے تعلقات کو طویل المدتی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا جبکہ وائٹ کالرکرائم کے خلاف اقدامات اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات پر اتفاق کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ولی عہد شیخ محمد زید بن سلطان النہیان کی دعوت پر اپنے وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے، اس موقع پر اُن کے ہمراہ آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خزانہ اسد عمر، وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور، وزیر برائے توانائی اور مشیر تجارت جبکہ یو اے ای میں پہلے سے موجود وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود بھی شامل تھے۔
Prime Minister Imran Khan and Crown Prince H.E Mohamed bin Zayed discussed enhancing bilateral ties as well as a number of issues of mutual interest between Pakistan and UAE.
🇵🇰🇦🇪 pic.twitter.com/KtrZV7q286
— Prime Minister's Office, Pakistan (@PakPMO) November 18, 2018
وزیراعظم عمران خان کادورہ یو اے ای مکمل ہوگیا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے طویل المدتی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے پراتفاق کیا اور تاریخی تعلقات کے لیے فوری اقدامات شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔
مشترکہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے آپسی تجارت،سرمایہ کاری کو فوری طور پر بڑھانے پر اتفاق اور درمیان میں آنے والی رکاوٹوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
مزید پڑھیں: عمران خان کا ایک روزہ دورہِ متحدہ عرب امارات
اعلامیے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وفد نے بھی دورے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارتی سطح پر سرمایہ بڑھانے پر اتفاق کیا، علاوہ ازیں دونوں ممالک نے تجارت،توانائی، زراعت، انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر رضامندی ظاہر کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کےدرمیان مشترکہ وزرائےخارجہ کا کمیشن قائم کیا جائے گا، جس کا اجلاس آئندہ برس فروری میں دبئی میں ہی منعقد ہوگا، یہ بھی طے کیا گیا کہ کمیشن کی مشترکہ صدارت پاکستان اور متحدہ عرب امارات وزرائے خارجہ ہی کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے جاری معاہدوں کو فوری طور پر مکمل کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے دو طرفہ عسکری تعاون پر اتفاق کرتے ہوئے دفاعی پیداوار، فوجی مشقیں بڑھانے کا اعلان کیا۔
متحدہ عرب امارات کے ولی عہد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ’دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دیں‘۔
Crown Prince Mohamed bin Zayed receives Pakistan’s Prime Minister Mr. Imran Khan at an official reception ceremony at the Presidential Palace in Abu Dhabi.
Guard of Honor was given to Prime Minister Imran Khan
🇵🇰🇦🇪 pic.twitter.com/lGilEkfmlp
— Prime Minister's Office, Pakistan (@PakPMO) November 18, 2018
اعلامیے کے مطابق دونوں مملک نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے ہنگامی اقدامات شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان وائٹ کالرکرائم پرقابوپانےکابھی معاہدہ طے پایا علاوہ ازیں ڈرگ،انسانی سمگلنگ،منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئےہنگامی اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔