چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کے بیان پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات اختیارولی نے ردعمل دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے بیان میں کہا کہ بیرسٹر گوہر کا بیان ہے بانی پی ٹی آئی ڈیل نہیں چاہتے یہ مضحکہ خیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہروضاحت فرمائیں اگر عمران خان ڈیل نہیں چاہتے تو پھر کیا چاہتے ہیں؟ اگر انہیں ڈیل نہیں چاہیے تو عدالت میں بے گناہی ثابت کریں۔
اختیار ولی نے مزید کہا کہ حقیقت یہ ہے بانی پی ٹی آئی جو چاہتے ہیں وہ اسے ڈیل کا نام نہیں دینا چاہتے، بانی پی ٹی آئی عمران خان وزیراعظم سے این آر او مانگ رہے ہیں مگر دنیا کو پتہ نہ چلے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ وزیراعظم نے ہمیں اسمبلی میں مذاکرات کی پیشکش کی تھی، جس کا خیر مقدم کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ہونے والی بات کو باہر کبھی شئیر نہیں کرتا، بانی پی ٹی آئی کے بچے سامنے آئے، وہ بھی حالات سے باخبر ہیں، قاسم اور سلیمان اپنے والد سے تعلق میں ہیں، بچوں نے بھی کہہ دیا کہ کوئی ڈیل نہیں کی گئی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کسی بھی قسم کی ڈیل کی تردید کرتا ہوں، سیاسی معاملات کا حل ڈائیلاگ سے ہی ہونا چاہیے، ہماری پارٹی میں اندرونی سطح پر باتیں بھی ہوتی ہیں۔