کراچی : ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کال سینٹر پر چھاپہ مار کر مالک سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے خفیہ اطلاع ملنے پر غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ مارا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان غیر ملکی بینکوں کے نمائندے بن کر شہریوں سے رقم بٹورتے تھے، ایف آئی آے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں مالک کاشف، عمیر، حیدر، نوشاد، عبید اور مہتاب شامل ہیں۔
ملزمان غیرملکیوں کے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کی ڈیٹا چوری میں بھی ملوث ہیں، ملزمان بیلنس ٹرانسفر کیلئے امریکی، کینیڈین شہریوں کو بینک نمائندے بن کر کال کرتے تھے۔
ایف آئی آے حکام کا مزید کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران فراڈ کیلئے استعمال ہونے والے الیکٹرانک آلات اور گیجٹس بھی ضبط کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل بھی گزشتہ سال اکتوبر میں کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز فائیو میں ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے کال سینٹر پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے لوگوں کی جمع پونجی لوٹنے والے6ملزمان کو حراست میں لیا تھا۔
اس حوالے سے ایف آئی ے حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کال سینٹر کے ملزمان کا نیٹ ورک غیر ملکی شہریوں کے کارڈز سے پیسے نکالتا تھا۔
کراچی : ڈیفنس میں غیر قانونی کال سینٹر چلانے کا انکشاف،
واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں آن لائن فنانشل فراڈ کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، دھوکہ باز عناصر مختلف حیلوں بہانوں سے شہریوں کی جمع پونجی ہتھیالیتے ہیں اور شہری بعد میں در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
ان غیر قانونی کال سینٹرز کے ذریعے پاکستانی اور بیرون ملک شہریوں کو لوٹا جا رہا ہے۔ کبھی بینک کا نمائندہ بن کر، کریڈٹ کارڈ کی تنسیخ ،فوج کی جانب سے مردم شماری کا کہہ کر، قریبی عزیزوں کے اغواء یا ایکسیڈنٹ کا بتا کر، قرعہ اندازی میں نام نکلنے کے نام پر،پلاٹ نکلنے پر،بے نظیر انکم سپورٹ، احساس پروگرام اور نجی ٹی وی چینلز کے گیم شو کا نمائندہ بن کر تو کبھی انعامی لاٹری اسکیم کا لالچ دے کرجعل سازی کر کے کروڑوں روپے شہریوں کی جیبوں سے نکالے جا رہے ہیں۔