اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف فوری آپریشن کا فیصلہ کرتے ہوئے غیر منظور شدہ ہاوسنگ سوسائٹیز کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا حکم جاری کر دیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنی زیرِ صدارت اجلاس میں کہا کہ متعلقہ افسران اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنائیں، سیٹلائٹ میپنگ کر کے ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات کو روکا جائے، اسلام آباد میں شہریوں کو عالمی معیار کی خدمات کی فراہمی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
محسن نقوی نے متعلقہ ایس پیز اور اے سیز کو فعال انداز میں فرائض سر انجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں پولیس اور انتظامیہ کے امیج کو بہتر بنانا ہے، یہ اس وقت ممکن ہے جب شہری خود آپ پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کی سہولت کیلیے متعلقہ افسران نئے انیشیٹو لے کر آئیں، نئے انیشیٹو پر عمل میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، مطلوبہ نتائج کے حصول کیلیے عزم سے اس عمل کو قومی جذبے سے آگے بڑھائیں۔
انہوں نے اسلام آباد میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مؤثر کنٹرول یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دنوں میں شہر کی صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔