لندن : برطانوی حکومت نے غیرقانونی تارکین وطن کو روانڈا بھیجنے کا فیصلہ کرلیا،اور درخواست منظور ہونے تک انہیں وہیں رکھا جائے گا۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن ایک منصوبے کا اعلان کرنے والے ہیں جس کے تحت برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے والوں کو افریقی ملک روانڈا پہنچا دیا جائے گا۔
اس حوالے سے بورس جانسن کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت غیرقانونی تارکین وطن کو روانڈا بھیجے گی، روانڈا جانے والوں کو وہاں کی مستقل رہائش دی جائے گی اور انہیں وہاں سے اپنے ملک واپس جانے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس سال 60ہزار مہاجرین کے برطانیہ آنے کا خدشہ ہے، ابتدائی طور پر برطانوی حکومت اس منصوبے پر 120ملین پاؤنڈ خرچ کرے گی۔
بورس جانسن کا کہنا تھا کہ برطانیہ روزانہ 5 ملین پاؤنڈز مہاجرین کی رہائش پرخرچ کرتا ہے، دوسری جانب حقوق انسانی کی تنظیموں نے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ روانڈا منصوبہ غیر انسانی، ظالمانہ اور غیراخلاقی ہے۔
واضح رہے کہ بورس جانسن نے اپنے اس مجوزہ منصوبے کا اعلان گزشتہ روز ملک کے جنوب مشرقی شہر کینٹ میں اپنے ایک خطاب میں کیا۔ ان کے اس منصوبے کا مقصد برطانیہ کو درپیش غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کے مسئلے سے نمٹنا ہے۔
جانسن کی پارٹی کے بہت سے ارکان کو اس مسئلے پر بہت زیادہ تحفظات ہیں۔ خیال رہے کہ کینٹ ہی وہ شہر ہے جہاں گزشتہ برس رودباد انگلستان یا انگلش چینل کو چھوٹی کشتیوں کے ذریعے عبور کرکے سب سے زیادہ تعداد میں سیاسی پناہ کے متلاشی پہنچے تھے۔