اسلام آباد: ملک بھر میں سینکڑوں پیٹرول پمپس غیر قانونی طور پر چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، مذکورہ پمپس اسمگل ہو کر آنے والی پیٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے میں بھی ملوث ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں ملک میں سینکڑوں پیٹرول پمپس غیر قانونی طور پر چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، لیز ختم ہونے سے 206 پیٹرول پمپس نے غیر قانونی طور پر پیٹرول کی فروخت جاری رکھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پمپس اسمگل ہو کر آنے والی پیٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے میں بھی ملوث ہیں۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول پمپس نے لیز ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی فروخت جاری رکھی، اوگرا نے پیٹرول پمپس کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔ غیر قانونی فروخت بند کروانے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ بھی نہیں کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کابینہ ڈویژن نے معاملہ وفاقی کابینہ میں اٹھایا، وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔