جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

بے نظیر یونی ورسٹی میں غیر قانونی بھرتیاں، نبیل گبول نے نیب کو تحریری جواب جمع کرا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی اور رہنما پیپلز پارٹی نبیل گبول بھی نیب ریڈار پر آ چکے ہیں، نیب کی جانب سے نبیل گبول کو آج بدھ کو پیش ہونے کے لیے کال اپ نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب نے نبیل گبول کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ وہ بدھ کو نیب میں پیش ہوں، تاہم نبیل گبول نیب میں پیش نہیں ہوئے، اور تحریری جواب جمع کرایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نبیل گبول پر بینظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری میں غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے، نیب نے سابق ایم این اے کو کال اپ نوٹس کے ساتھ ایک سوال نامہ بھی بھیجا، تاہم وہ اسلام آباد میں ہونے کے باعث آج نیب میں حاضر نہ ہو سکے، ان کی جگہ وکیل لیاقت علی خان نے نیب میں پیش ہو کر کال اپ نوٹس کا جواب جمع کرایا، نبیل گبول کی جانب سے سوال نامے کا الگ سے جواب بھی جمع کرایا گیا۔

نبیل گبول نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ میں نے کبھی یونی ورسٹی میں داخلے، یا نوکری کے لیے کوئی سفارش نہیں کی، اور وائس چانسلر پر کبھی بھرتیوں کے لیے دباؤ نہیں ڈالا، نہ ہی سفارش کی، یونی ورسٹی کے کسی ڈپارٹمنٹ میں بھرتی کے لیے میرے پاس کوئی کوٹہ نہیں ہے۔

نبیل گبول نے اپنے تحریری جواب میں یہ بھی کہا کہ نیب اپنا کال اپ نوٹس واپس لے۔

نبیل گبول کے وکیل نے کہا کہ نیب کراچی کو درخواست دی ہے کہ نبیل گبول اسلام آباد میں مصروف ہیں، پیش ہونے کا ٹائم آگے بڑھایا جائے، اور 15 دن کی مہلت دی جائے۔

واضح رہے کہ غیر قانونی بھرتیوں پر بے نظیر یونی ورسٹی کے وائس چانسلر اختر بلوچ سے بھی تحقیقات جاری ہیں، اور غیر قانونی بھرتیوں پر اسپیکر سندھ اسمبلی 2 دن قبل ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر چکے ہیں۔

اہم ترین

مزید خبریں