کراچی: جنوبی افریقی فاسٹ بولر کاگیسو ربادا کا کہنا ہے کہ پاکستان ہوم گراؤنڈ پر مضبوط ٹیم ہے، ٹیسٹ سیریز دلچسپ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر کاگیسو ربادا کا کہنا ہے کہ انجری کے بعد ٹیم میں واپس آکر اچھا لگ رہا ہے، پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شائقین کی کمی محسوس ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات شاندار ہیں، یہاں خود کو محفوظ محسوس کررہا ہوں۔
جنوبی افریقی فاسٹ بولر نے کہا کہ انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد اچھا محسوس کررہا ہوں، ٹیسٹ کرکٹ میرا فیورٹ فارمیٹ ہے، چیلنجز کا سامنا کرنا اچھا لگتا ہے۔
ربادا نے کہا کہ پی سی بی نے ہماری سیکیورٹی کے لیے اچھے انتظامات کیے ہیں، کورونا کے حالات میں کرکٹ جاری رہنا خوش آئند ہے۔
جنوبی افریقی فاسٹ بولر نے کہا کہ پاکستان ہوم گراؤنڈ پر مضبوط ٹیم ہے، ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی جیت کر وطن واپس لوٹنا چاہتے ہیں، ہم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
کاگیسو ربادا نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ریورس سوئنگ اہم کردار ادا کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔