شارجہ: کراچی کنگز کے صدر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے سیزن فور کے لیے پرجوش ہیں، فٹنس بحال کرنا چیلنج تھا مگر ہمت نہیں ہاری۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، شاہد خان آفریدی نے کہا کہ مکمل فٹ ہوں اور بھرپور ٹریننگ کررہا ہوں، اس بار کراچی سمیت پاکستان میں آٹھ میچز شیڈول ہیں پاکستان میں ہونے والے میچز کے لیے فٹ رہنا ہوگا۔
بوم بوم نے کہا ہے انجری کے دن بہت تکلیف دہ تھے، سوتے اور نماز پڑھتے ہوئے درد ہوتا تھا ایک ٹائم پر لگا بس اب کیریئر ختم ہوگیا لیکن پھر میں اپنے آپ سے بات کی کہ آخری چیلنج کو لے کر اپنے ساتھ چلوں اور پھر ساڑھے تین چار مہینے سے کافی فٹ ہوں اور فٹنس پر بھرپور توجہ دے رہا ہوں۔
افغانستان پریمیئر لیگ پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ کہیں پر بھی کرکٹ ہورہی ہو ہمیں سپورٹ کرنا چاہئے، مداح آپ کو کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں، لیگ کرکٹ سے نوجوان کرکٹرز کو آگے آنے کا موقع ملتا ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ہمارا بڑا برینڈ ہے، پی ایس ایل ہم سب کی عزت ہے، آنے والے دنوں میں پاکستان سپر لیگ ٹاپ پر ہوگی۔
سرفراز احمد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آفریدی نے کہا کہ مستقل ٹیم میں تبدیلیاں نہیں کرنا چاہئے، سرفراز احمد کو اعتماد کی ضرورت ہے، ورلڈ کپ تک ٹیم کا کپتان سرفراز احمد کو ہی ہونا چاہئے۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی پی ایس ایل تھری کے میچ کے دوران انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے سبب وہ ایونٹ کے بقیہ میچز میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔