نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کراچی وائٹس کے نوجوان بیٹر عماد نے اتنا دلکش چھکا لگایا کہ شائقین اسے’شارٹ آف دی ٹورنامنٹ‘ قرار دے رہے ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے بھی ان کی طوفانی اننگز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے۔ کراچی کے ابھرتے ہوئے بیٹر عماد عالم نے اپنی جارحانہ اننگز سے حیدآباد کے بولرز کے چھکے چھڑا دیے۔ انھوں نے بیٹنگ کے دوران گراؤنڈ کے چاروں جانب دلکش اسٹروکس کھیلے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عماد نے حیدرآباد کے فاسٹ بولر کو تیز گیند پر سیدھا چھکا رسید کیا، ان کے ڈرائیو کا انداز اتنا دلکش اور عمدہ تھا کہ شائقین اسے دیکھ کر واہ واہ کر اٹھے۔ کئی صارفین نے ان کے چھکے کو شارٹ آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا۔
عماد نے 33 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کراچی وائٹس کو فتح سے ہمکنار کیا۔ کراچی نے حیدر آباد کی طرف سے دیا گیا 103 رنز کا ہدف 13 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
I am in love with Ammad Alam’s batting. This is the shot of the tournament😍 very exciting young batsman from Karachi🙌🔥 #PakistanCricket pic.twitter.com/NR0RNYQBWh
— Haroon (@hazharoon) November 28, 2023
اس سے قبل حیدرآباد کی ٹیم سہیل خان کی شاندار بولنگ کے باعث 19 ویں اوور میں 102 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ پیسر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 10 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔