لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا ہے کہ سرفراز احمد سب سے زیادہ غصہ مجھ پرکرتے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کے مطابق عماد وسیم نے کہا ہے کہ قومی کھلاڑی اپنے کپتان کے غصے کا برا نہیں مناتے، سرفراز احمد سب سے زیادہ غصہ مجھ پر کرتے ہیں۔
آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا کہ سرفراز احمد کو بارہ تیرہ سال سے جانتا ہوں، ان کے غصے کے پیچھے مقصد ہوتا ہے، ٹیم کے لیے پرفارمنس کے دوران کسی سے غلطی نہ ہو، ان کے مزاج سے سب واقف ہیں، کوئی برا نہیں مناتا، جب آپ پاکستان کے لیے کھیلیں گے اور غلطی کریں گے تو ڈانٹ تو پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ کپتان سرفراز احمد جب بھی میدان میں جاتے ہیں انہیں اپنی ذات سے زیادہ پاکستانی ٹیم کی فکر ہوتی ہے کہ ٹیم میدان میں اچھی کارکردگی دکھائے۔
عماد وسیم نے کہا کہ کسی فرنچائز ٹیم کی کپتانی کرتے ہوئے بھی سرفراز احمد اتنے ہی سنجیدہ ہوتے ہیں اور ہر کھلاڑی سے اچھی کارکردگی کی توقع کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ عماد وسیم پی ایس ایل تھری کراچی کنگز کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔