پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر عماد وسیم انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں اور ان کے اس اچانک فیصلے سے مداح کافی افسردہ ہیں۔
گزشتہ دنوں ریٹائر ہونے والے آل راؤنڈر عماد وسیم کو ورلڈکپ کے لیے ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا تھا جبکہ وہ آل راؤنڈر کی عالمی رینکنگ میں ٹاپ فائیو میں بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ وہ ورلڈ نمبر ون ٹی ٹوئنٹی بولر بھی رہ چکے ہیں۔
عماد کے تمام فارم سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر آل راؤنڈر کے مداحوں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کا اس طرح سے چلے جانا بورڈ کی ناکامی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ سے ان کی ریٹائرمنٹ کے اعلان پر متعدد صارفین نے انھیں ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کو وجہ قرار دیا اور اس بات کو ذمہ ڈار ٹھہرایا۔
بعض افراد کا کہنا تھا کہ لیگز میں کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقعے نہیں دیے گئے جس کے سبب پلیئرز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لیتے ہیں۔
آل راؤنڈر پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں میں شامل تھے، تاہم کافی عرصے سے ڈومیسٹک سرکٹ نہیں کھیل رہے تھے، جس پر انھیں کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کافی سوچ بچار کے بعد ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں۔ ملک کی نمائندگی کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں تھا۔