محمد حسین آزادؔ نے اردو دنیا کے لیے گراں قدر سرمایہ چھوڑا ہے جن میں سب سے زیادہ مشہور ’آبِ حیات‘ ہے جو اردو شاعری کی صرف تاریخ یا تذکرہ نہیں بلکہ اس میں اہم لسانی مباحث بھی ہیں۔ اسی کتاب میں ہمیں شیخ امام بخش ناسخ کی شاعری کے ساتھ ان کی زندگی اور شخصیت کے ایک پہلو کے بارے میں بھی پڑھنے کو ملتا ہے اور یہ ہے ناسخ کی پہلوانی اور ان کی غیرمعمولی خوراک۔
شیخ امام بخش ناسخ کو اردو غزل گوئی اور شاعری میں دبستانِ لکھنؤ کا بانی کہا جاتا ہے۔ وہ شاعر تو تھے ہی، لیکن پہلوانی اور کسرت کے لیے بھی مشہور تھے۔ آزاد نے بھی اپنی کتاب میں اس کا ذکر کیا ہے:
’’شیخ ناسخ‘‘ دن رات میں ایک دفعہ کھانا کھاتے تھے۔ ظہر کے وقت دستر خوان پر بیٹھتے تھے اور کئی وقتوں کی کسر نکال لیتے تھے۔ پان سیر پختہ وزن شاہجہانی کی خوراک تھی۔
رغمی سلمہ اللہ فرماتے ہیں: مجھے چند مرتبہ اُن کے ساتھ کھانے کا اتفاق ہوا، اس دن نہاری اور نان تافتان بازار سے منگائی تھی۔ پانچ چار پیالیوں میں قورمہ، کباب، ایک میں کسی پرندے کا قورمہ تھا۔ شلغم تھے، چقندر تھے، ارہر کی دال، دھوئی ماش کی دال تھی اور وہ دستر خوان کا شیر اکیلا تھا، مگر سب کو فنا کر دیا۔
خاص خاص میوؤں کی فصل ہوتی تو جس دن کسی میوہ کو جی چاہتا، اس دن کھانا موقوف! مثلاً جامنوں کو جی چاہا ’’لگن‘‘ اور ’’سینیاں‘‘ بھر کے بیٹھ گئے، چار پانچ سیر وہی کھا ڈالیں۔ آموں کا موسم ہے تو ایک دن کئی ٹوکرے منگا کر سامنے رکھ لئے۔ ’’ناندوں‘‘ میں پانی ڈالا، ان میں بھرے اور خالی کر کے اٹھ کھڑے ہوئے، بھٹے کھانے بیٹھے تو ’’گٹھلیوں‘‘ کے ڈھیر لگا دیے اور یہ اکثر کھایا کرتے۔ دودھیا ’’بھٹے‘‘ چُنے جاتے۔ چاقو سے دانوں پر خط ڈال کر لون مرچ لگتا، سامنے بھنتے ہیں، لیموں چھڑکتے ہیں اور کھاتے جاتے ہیں۔ ابتدائے عمر سے ورزش کا شوق تھا۔ خود ورزش کرتے تھے بلکہ احباب کے نوجوانوں میں جو حاضرِ خدمت ہوتے اور ان میں کسی ہونہار کو ورزش کا شوق دیکھتے تو بہت خوش ہوتے۔ ہزار، بارہ سو ڈنڈ کا معمول تھا۔ ’’یا غفور‘‘ کا وظیفہ قضا نہ ہوتا تھا۔ انہیں جیسا ریاضت کا شوق تھا، ویسا ہی ڈیل ڈول بھی لائے تھے۔ بلند بالا قد، منڈا ہوا سَر، کہاردے کا رنگ باندھے بیٹھے رہتے تھے، جیسے شیر بیٹھا ہے۔