جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

امام حسین چہلم کا جلوس، ٹریفک کے متبادل راستوں کا انتظام

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے موقع پر مجلسوں اور جلوسوں کے راستوں کی مکمل چیکنگ کے بعد ٹریفک کے نظام کو رواں دواں رکھنے کے لیے متبادل پلان جاری کر دیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کے لیے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے متبادل روٹ کا اعلان کیا جارہا ہے تاکہ شہریوں کو پریشانی کا سامنا نہ ہو.
حضرت امام حسینؓ چہلم کے دن ایک جلوس نشتر پارک سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا، جلوس سے قبل علم جلوس مارٹن روڈ امام بارگاہ سے صبح 9 بجے برآمد ہوگا اور یہ نشترپارک پر ختم ہوگا جہاں مرکزی مجلس منعقد ہوگی، جس کے بعد جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر کے لیے روانہ ہوگا ۔

امام حسین چہلم کیلئے ٹریفک روٹ :

روٹ کے مطابق جیسے ہی مرکزی جلوس نشترپارک سے روانہ ہوگا تو شہر کی جانب سے آنے والے تمام ٹریفک کو سولجر بازار، کوسٹ گارڈ ، انکل سریا چوک سے جوبلی یا نشتر روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا جبکہ وہ ٹریفک جو ناظم آباد کی جانب سے ایم اے جناح روڈ کی طرف آرہا ہوگا وہ لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ گارڈن کی طرف موڑ دیا جائے گا تاکہ شہری کو پریشانی نہ ہو۔

ٹریفک کو گرومندر چوک سے آگے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی اس تمام ٹریفک کو بہادر یار جنگ روڈ اور خان بہادر نقی محمد خان روڈ پر موڑ دیا جائے گا لیکن یہ ٹریفک سولجربازار روڈ اور خان بہادر نقی محمد روڈ ، بہادر یار جنگ کراسنگ تک جاسکے گا۔

وہ ٹریفک جو مزار قائد کی طرف سے ایم اے جناح روڈ آئے گا، اسے بہادر یار جنگ روڈ پر موڑ دیا جائے گا اور کسی بھی گاڑی کو نمائش چورنگی کی طرف آنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ وہ ٹریفک جو شاہراہ قائدین سے نمائش چورنگی جائے گا اسے سوسائٹی سگنل سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی سوائے ان گاڑیوں کے جن کی ونڈ اسکرین پر جلوس میں شمولیت کا اسٹیکر چسپاں ہوگا۔

جب جلوس ایم اے جناح روڈ ، مینسفیلڈ اسٹریٹ پہنچے گا تو تمام ٹریفک کو ایمپریس مارکیٹ کی طرف ذیلی چوراہوں سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔پریڈی اسٹریٹ ایم اے جناح روڈ، کورٹ روڈ چوک ،فریسکو چوک سمیت کسی بھی ٹریفک کو ایم اے جناح روڈ اور اس کے جنکشن پریڈی اسٹریٹ سے جانے کی اجازت نہیں ہوگی جب تک کہ جلوس مکمل طور پر اس چوک سے گزر نہیں جاتا، کسی بھی قسم کی گاڑی کو جلوس کے روٹ پر پارک ہونے کی اجازت نہیں ہوگی.

لیاقت آباد سے آنے والے ٹریفک کو ڈاکخانے سے بائیں طرف الطاف علی بریلوی روڈ کی جانب پرانی سبزی منڈی ، یونیورسٹی روڈ،یوٹرن ، جیل فلائی اوورز ، نیوایم اے جناح روڈ، پی پی چورنگی ، دادا بھائی نورجی ، کشمیر روڈ ، سوسائٹی سگنل ، شاہراہ قائدین، شارع فیصل ، لکی اسٹار ، سرورشہید روڈ ، فاطمہ جناح روڈ ، مولانا دین محمدوفائی روڈ ، ڈاکٹر ضیا الدین احمد روڈ ، آئی آئی چندریگر روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا ۔

اسٹیڈیم روڈ سے ایم اے جناح روڈ جانے والے ٹریفک کو نیو ایم اے جناح روڈ آنے کی اجازت ہوگی، یہ ٹریفک دادا بھائی نور جی روڈ ، کشمیر روڈ اور سوسائٹی سگنل سے ہوا ہوا براستہ شاہراہ قائدین سے شارع فیصل پر رواں دواں رہے گا.

وہ لوگ جو سپر ہائی وے گلبرگ کی جانب سے ایم اے جناح روڈ کی طرف جانا چاہتے ہیں، وہ لیاقت آباد 10نمبر سے ناظم آباد چورنگی نمبر دو کی طرف کا راستہ اختیار کریں، جو براستہ حبیب بینک چوک ، اسٹیٹ ایونیو روڈ ، شیر شاہ سے ماڑی پور تک جاسکے گا واپسی کے لیے یہی راستہ اختیار کیا جائے گا ۔

وہ تمام ٹریفک جو نیشنل ہائی وے سے شہر کی طرف جائے گا اسے براستہ راشد منہاس روڈ ، اسٹیڈیم روڈ ، سرشاہ سلیمان روڈ ، حسن اسکوئر، لیاقت آباد نمبر10،ناظم آباد چورنگی نمبر 2حبیب بینک چوک ، اسٹیٹ ایونیو روڈ ، شیر شاہ سے ماڑی پور آنے کی اجازت ہوگی اور اسی طرح واپسی کے لیے یہی راستہ اختیار کیا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں