کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مدرسہ جامعہ ابوبکر کے مہتمم جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے شارع فیصل کی حدود گلستان جوہر بلاک 16 کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 46 سالہ شیخ ضیا الرحمان جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ مقتول ضیا الرحمان مدرسہ جامعہ ابوبکر کے مہتمم تھے، جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم پستول کے 7 خول ملے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ متوفی ضیا الرحمان کے سر پر گولی لگی، لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے، مقتول کا مدرسہ گلشن چورنگی کے قریب واقع ہے۔
ادھر لیاری افشانی گلی میں فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت 23 سالہ سندس کے نام سے ہوئی ہے، فائرنگ کا واقعہ گھریلو جھگڑے کے دوران پیش آیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔