چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اوپنر امام الحق کو پاکستان ٹیم میں کیوں شامل نہیں کیا گیا اس حوالے سے ممکنہ وجوہات سامنے آئی ہیں۔
قومی اسکواڈ کے ناموں کے اعلان سے قبل تجربے اور ریکارڈ کے اعتبار سے لیفٹ ہینڈ اوپنر امام الحق سلیکشن کے لیے مضبوط امیداوار تصور کیے جارہے تھے، صائم ایوب کی غیرموجودگی میں ان کا نام زیرغور تھا، تاہم چند وجوہات کی بنا پر سلیکشن کمیٹی نے ان کے نام پر غور نہیں کیا۔
پاکستان ٹیم میں فخر زمان کی واپسی کے ساتھ ہی سلیکشن کمیٹی نے ٹیسٹ کپتان شان مسعود اور امام الحق کو ان فٹ صائم ایوب اور عبداللہ شفیق کی جگہ اسکواڈ میں بطور اوپنر شامل نہیں کیا۔
امام الحق ویسٹ انڈیز کے خلاف گزشتہ ماہ سہ روزہ میچ میں ایک دن پہلے ٹیم سے علیحدہ ہوگئے تھے، سلیکڑز کو اس بات پر تحفظات تھے۔
سہ روزہ میچ میں امام پہلی اننگز میں 5 رنز بناکر آوٹ ہوئے تھے، دوسری اننگز میں محمد حریرہ کے ساتھ اننگز کا آغاز عمیر بن یوسف نے کیا تھا، امام الحق تیسرے دن اسلام آباد سے کوچ عمرگل سے اجازت لے کر لاہور چلے گئے تھے جس کی وجہ نامعلوم ہے۔
ملتان میں ویسٹ انڈیز کیخلاف محمد حریرہ نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم منیجمنٹ فاسٹ بولر کو ڈراپ کرکے امام الحق کو کھلانا چاہتی تھی، تاہم اطلاعات کے مطابق 29 سالہ کرکٹر کی فٹنس پر سوالات اٹھے تھے۔
24-2023 کے سینڑل کنڑیکٹ کی ’بی‘ کیٹگری کا حصہ رہنے والے امام کو فٹنس مسائل کی بنا پر 25-2024 کے سینڑل کنڑیکٹ کی کسی کیٹگری میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ ٹیسٹ اوپنر امام الحق نے پاکستان کے لیے 72 ون ڈے میچز میں 48.27 کی اوسط سے 3138 رنز بنائے ہیں وہ اب تک اپنے کیریئر میں 9 سینچریاں اور 20 نصف سینچریاں اسکور کرچکے ہیں، انھوں نے آخری ون ڈے 27 اکتوبر 2023 کو چنائے میں کھیلا تھا۔