ممبئی: 2024 کے اختتام سے قبل امسال آئی ایم ڈی بی پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے فلمی ستاروں کی فہرست نے ہر کسی کو حیران کر دیا۔
آئی ایم ڈی بی دراصل انٹرٹینمنٹ رینکنگ اور انفارمیشن ویب سائٹ ہے جس کا نام انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس ہے۔ ویب سائٹ نے ہر سال کی طرح اس سال بھی مقبول فلم اسٹارز کی فہرست جاری کی ہے۔
بالی وڈ اداکارہ ترپتی دمری آئی ایم ڈی بی کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں جو اس سال متعدد فلموں میں جلوہ گر ہوئیں۔ ترپتی دمری نے بیڈ نیوز اور بھول بھولیا 3 میں کام کیا جبکہ اداکارہ کی فلم لیلی منجو بھی اس سال دوبارہ ریلیز کی گئی۔
View this post on Instagram
فہرست میں دوسری پوزیشن اداکارہ دپیکا پڈوکون نے حاصل کی جن کیلیے 2024 یادگار سال رہے گا۔ اداکارہ نے نہ صرف سنگھم اگین میں لیڈی سنگھم کا کردار ادا کیا بلکہ وہ کالکی 2898 AD میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔ اس کے علاوہ وہ ماں بھی بنیں۔
تیسرا نمبر ایشان کھٹر کا ہے جو نیٹ فلکس سیریز دی پرفیکٹ کپل میں نظر آئے۔ ان کی اداکاری کو سراہا گیا اور اداکار کو بین الاقوامی شہرت ملی۔
چوتھے اور پانچویں نمبر پر بالترتیب شاہ رخ خان اور سوبھیتا دھولی پالا رہے۔ اگرچہ شاہ رخ نے اس سال کوئی فلم ریلیز نہیں کی لیکن وہ متعدد وجوہات کی وجہ سے خبروں میں رہے۔ دوسری جانب سوبھیتا دھولی پالا نے اس سال مونکی مین سے ہالی وڈ میں قدم رکھا۔
ٹاپ 10 مقبول فلمی ستاروں کے نام ملاحظہ کیجیے:
- ترپتی دمری
- دپیکا پڈوکون
- ایشان کھٹر
- شاہ رخ خان
- سوبھیتا دھولیپالا
- شروری
- ایشوریا رائے بچن
- سامنتھا روتھ پربھو
- عالیہ بھٹ
- پربھاس