اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا آخری مرحلہ آج شروع ہوگا، پالیسی لیول مذاکرات میں پاکستانی ٹیم کی قیادت مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات کا آخری مرحلہ آج ہوگا، مشیرخزانہ سمیت سیکریٹری خزانہ، گورنراسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر شامل ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پالیسی لیول مذاکرات میں آئی ایم ایف وفد کی قیادت مشن ہیڈ کررہے ہیں، پاکستان ٹیکس وصولیوں کے ہدف پر نظر ثانی پر زور دے گا،آئی ایم ایف کو نجکاری پروگرام میں پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔
’مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے لیے اہداف پر بھی بات چیت ہوگی، مالی سال کے پہلے 4ماہ میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف1447 ارب روپے تھا‘۔
ذرائع کے مطابق چار ماہ جولائی تا اکتوبر ہدف سے167ارب کم ٹیکس وصولیاں ہوئیں، مذاکرات کے بعد پاکستان کو قرضے کی نئی قسط جاری کی جائےگی، آئی ایم ایف کے ساتھ450ملین ڈالر کی قسط پر بات چیت جاری ہے۔
آئی ایم ایف کا وفد پاکستان پہنچ گیا، قرض کی دوسری قسط پر مذاکرات ہوں گے
آئی ایم ایف سے 6ارب ڈالر پروگرام سے 991ملین ڈالر مل چکے ہیں، نئی قسط ملنے سےکل 1.44ارب ڈالرپاکستان کو مل جائیں گے، تکنیکی سطح کے مذاکرات میں اقتصادی ڈیٹا کا تبادلہ کیا جاچکا ہے۔
خیال رہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا وفد پاکستان میں ہے، وفد پاکستان میں پروگرام کےتحت پہلے دیے گئے قرض کا جائزہ لے رہا ہے، اور کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان کو قرض کی دوسری قسط دی جائے گی، اسی سلسلے میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مرحلہ وار بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔