تازہ ترین

آئی ایم ایف نے بنگلادیش کو 4 ارب 70 کروڑ ڈالر کا قرض دے دیا

واشنگٹن: آئی ایم ایف نے بنگلادیش کو 4 ارب 70 کروڑ ڈالر کا قرض دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش نے مالی بحران سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 4.7 ارب ڈالر کا قرض حاصل کر لیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف نے معاشی بحران کے پیش نظر گزشتہ برس جنوبی ایشیا کے تین ممالک کی طرف سے قرض لینے کی درخواستوں میں سے بنگلادیش کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسے 4.7 ارب ڈالر کا قرض دینے کا اعلان کیا ہے۔

بنگلادیش کو آئی ایم ایف کے توسیعی قرض سہولت کے تحت تقریباً 3.3 ارب ڈالر دیے جائیں گے، جس میں سے 47 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی قسط فوری طور پر جاری کی جائے گی۔

آئی ایم ایف بورڈ نے موسمیاتی تبدیلیوں کے فنڈ کے تحت ایک ارب 40 کروڑ ڈالر دینے کی بھی منظوری دے دی ہے، ایشیا میں بنگلادیش یہ رقم حاصل کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

آئی ایم ایف نے کہا کہ قرضے کو معاشی استحکام کے لیے استعمال کیا جائے گا، اور بنگلادیش میں اصلاحاتی ایجنڈا آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔

اگلے سال ہونے والے عام انتخابات سے قبل آئی ایم ایف کی طرف سے قرض کی یہ منظوری وزیر اعظم شیخ حسینہ کی کامیابی سمجھی جا رہی ہے، کیوں کہ ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ رہا تھا، ٹکہ کی قدر گر رہی تھی اور زر مبادلہ کے ذخائر میں کمی آ رہی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس بنگلادیش نے اپنے زر مبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کی کوشش میں ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے 2 ارب ڈالر کا قرض لیا تھا۔

ادھر پاکستان اور سری لنکا کو بھی شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے مگر اس کے باوجود بھی آئی ایم ایف کی طرف سے دونوں ممالک کو قرض کی منظوری نہیں دی جا رہی۔

Comments

- Advertisement -