اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

آئی ایم ایف کا رویہ پاکستان کے ساتھ غیر منصفانہ ہے: اسحاق ڈار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف کے رویے کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ستمبر کے بعد آئی ایم ایف کے بغیر ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔‘‘

تفصیلات کے مطابق ایک حالیہ انٹریو میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان جیو پالیٹکس کا شکار ہے اس سے زیادہ کیمرے پر نہیں کہہ سکتا، آئی ایم ایف کا رویہ پاکستان کے ساتھ غیر منصفانہ ہے۔

انھوں نے کہا میں نہیں سمجھتا کہ آئی ایم ایف کو بجٹ پر تحفظات ہونے چاہئیں، آج بھی ڈالر کی اصل شرح 245 روپے سے زیادہ نہیں ہے، 4 ارب ڈالرز کی فنانسنگ کا انتظام کر لیا ہے مگر آئی ایم ایف 6 ارب ڈالر چاہتا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا ہمیں ڈیفالٹ سے بچنا تھا اور تمام ادائیگیاں وقت پر کر دی گئی ہیں، آئی ایم ایف نے بریک ڈاؤن مانگا جو ہم نے فراہم کر دیا ہے، آئی ایم ایف کو مزید تفصیلات دینے کی ضرورت پڑی تو فراہم کر دیں گے۔

انھوں نے واضح کیا کہ ستمبر کے بعد آئی ایم ایف کے بغیر ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں ہے، آئی ایم ایف کا پروگرام اگر نہیں بھی ہوتا تو بھی ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کے بعد جو حکومت آئے گی وہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فیصلہ کرے گی، ہم نے تمام شرائط پوری کیں، آئی ایم ایف کو اس حکومت پر اعتماد ہونا چاہیے۔

اسحاق ڈار نے کہا ’’آئی ایم ایف نے کہا ہم آپ کو سعودی عرب اور یو اے ای کے پاس لے چلتے ہیں، ہم نے کہا آپ کو ہمارا ہاتھ پکڑ کر کہیں لے جانے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘

انھوں نے کہا جو ہو رہا ہے نہیں ہونا چاہیے مگر ہم ملک کی خاطر صبر کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں