کراچی: وفاقی سیکریٹری داخلہ نے ایف آئی اے اور ایئرپورٹس کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ امیگریشن کے عمل کے دوران مسافروں کو تنگ نہ کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق آج منگل کو اسلام آباد میں وفاقی سیکریٹری داخلہ کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر کے ایئرپورٹس پر مسافروں کو بہتر امیگریشن سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے غور کیا گیا۔
اس اجلاس میں ملک بھر کے ایئرپورٹس کے منیجرز، اے ایس ایف اور ایف آئی اے حکام نے آن لائن شرکت کی، اجلاس میں مسافروں کی سہولت اور امیگریشن کے حوالے سے منیجرز کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ امیگریشن سہولیات اور ای ویزا فراہمی کے ضمن میں ڈپٹی ڈائریکٹرز امیگریشن نے اجلاس کے شرکا کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
سیکریٹری داخلہ نے ایف آئی اے اور ایئرپورٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ایئرپورٹس سے بیرون ملک جانے اور آنے والے مسافروں کو سہولتیں فراہم کی جائیں، اور امیگریشن کے عمل کے دوران مسافروں کو تنگ نہ کیا جائے۔
سیکریٹری داخلہ نے یہ ہدایت بھی کی کہ مسافروں کی امیگریشن کے عمل کے لیے کاؤنٹرز اور عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔