کویت سٹی: کویت کے شہریوں اور رہائشیوں کی سہولت کے لیے امیونٹی ایپلی کیشن میں نئی اپڈیٹ کا اضافہ کردیا گیا جس سے گھریلو ملازمین کو سہولت ہوگی۔
کویتی میڈیا کے مطابق وزارت صحت میں انفارمیشن سسٹمز ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر انجینئر احمد الغریب نے امیونٹی ایپلی کیشن کے بارے میں ایک اہم اپڈیٹ کا اعلان کیا ہے جس میں کوئی بھی فرد اپنے علاوہ اپنے 6 ساتھیوں کے بھی ویکسی نیشن ڈیٹا اور کووڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج کو محفوظ کرسکتا ہے۔
انجینیئر الغریب کا کہنا ہے کہ یہ اپڈیٹ شہریوں اور رہائشیوں کی سہولت کے لیے عمل میں آئی ہے جس سے کنبے کا سربراہ اپنے ساتھ 6 خاندان کے افراد کا ویکسی نیشن ریکارڈ ایک ہی ایپلی کیشن میں شامل کرسکتا ہے۔
حکام کے مطابق چونکہ اب 12 سال سے بڑی عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن کا آغاز بھی ہوچکا ہے، اس کے علاوہ گھریلو ملازمین کی ویکسی نیشن بھی مکمل ہوچکی ہے اور اکثریت کے پاس اسمارٹ فون نہیں ہیں لہٰذا کنبے کے سربراہ کو ان کا اضافی ڈیٹا محفوظ کرنے کا اختیار فراہم کرنے سے یہ سہولت ہوگی کہ سفر سے قبل یہ ڈیٹا دکھایا جاسکے۔
انجینئر نے وضاحت کی کہ اضافی اقدامات کے لیے پہلے امیونٹی کی ایپلی کیشن میں لاگ ان کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جہاں فرد کو ویکسی نیشن کی حیثیت والے صفحے کے آخر میں ویکسی نیشن پیج باکس نظر آئیں گے جس میں ویکسی نیشن کی حیثیت، کووڈ 19 ٹیسٹ رپورٹ، ہدایات اور ترتیبات شامل ہوتے ہیں۔