سعودی عرب اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں 45 ارب ریال (12 ارب ڈالر) کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔
سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف گزشتہ روز مملکت کے دورے پر جدہ پہنچے جہاں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون کے علاوہ مشترکہ مفادات کے معاملات پر بات چیت کی گئی جس کے بعد انہوں نے مختلف شعبوں میں ہونے والے معاہدوں کے حوالے سے تقریب میں شرکت کی۔
اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر
سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 45 ارب سعودی ریال (12 ارب ڈالر) کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے جن میں اے سی ڈبلیو اے پاور کا ازبکستان میں ’ونڈ انرجی‘ کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے معاہدوں میں فضائی سفر، زراعت، لائیو اسٹاک، اسپورٹس، تعلیم، سائنس، ابلاغیات، توانائی اور ٹیکنالوجی کے پروگرام شامل ہیں۔
ملاقات میں شریک دونوں اطراف کے سینیئر حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ ان معاہدوں کا مقصد سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے علاوہ سعودی عرب اور ازبکستان میں شراکت داری کو آگے بڑھانا بھی ہے۔
ان معاہدوں کے حوالے سے سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد ال فالح کا کہنا ہے کہ ہم یہاں سہولت کاری اور خدمت کے لیے موجود ہیں اور اس رشتے کو سعودی عرب کے لیے اہم ترین تعلق میں سے ایک بنانا چاہتے ہیں۔