سعودی عرب نے کورونا ویکسین کی دوسری خوراک نہ لینے والے امیدواروں کے حج اجازت نامے منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔
یہ بات نائب وزیر حج ڈاکٹر عبدالفتاط مشاط نے منیٰ میں میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ وہ امیدوار جنہوں نے ابھی تک ویکسین کی دوسری خوراک نہیں لگوائی ان کے اجازت نامے منسوخ کر دیے جائیں گے۔
نائب وزیر حج ڈاکٹر عبدالفتاط مشاط نے کہا کہ عازمین حج 48 گھنٹوں کے اندر ویکسین کی دوسری خوراک لازمی لگوا لیں بصورت دیگر ان کا حج اجازت نامہ خودکار نظام کے تحت منسوخ ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دوسری خوراک کے لیے عازمین کو بکنگ کروانی کی ضرورت نہیں امیدوار اپنے حج اجازت نامے ویکسینیشن سینٹر میں دکھا کر دوسری خوراک حاصل کر سکتے ہیں۔
حکومت نے ہر عمر کے افراد کو ویکسین کی دوسری خوراک دینا شروع کردی ہے۔
مملکت میں شہری ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے بعد دوسری ڈوز کے منتظر تھے، حکومت نے قبل ازیں دوسری خوراک کی تاریخیں یہ کہہ کر ملتوی کردی تھیں کہ دنیا کو ویکسین کی قلت کا سامنا ہے اور اہم ابھی پہلی ڈوز نہ لگوانے والوں کو ترجیحی بنیاد پر پہلی خوراک دیں گے۔
بعد ازاں سعودی حکومت نے دوسری خوراک کا آغاز کیا لیکن مخصوص افراد کو دی جانے لگیں لیکن اب تمام ایج گروپ کے افراد بھی ویکسین کی دوسری خوراک لگوا سکیں گے۔