ریاض: سعودی عرب میں 12 سال سے زائد عمر کے طلبا کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکوں کا اعلان کردیا گیا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ مملکت میں بارہ سال سے زیادہ عمر کے طلبا کو بھی ویکسین کی دوسری خوراک لگائی جائے گی۔
وزارت نے بتایا کہ محکمہ صحت کے تعاون سے تدریسی عملے سمیت طلبا کو دو خوراکیں دینے کا عمل شروع کیا گیا ہے، اسکولوں میں حاضری کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکیں شرط ہیں۔
سعودی وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ 29 اگست سے اسکولوں کو واپسی ہوگی اور طلبا سمیت تدریسی عملے کی سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ کورونا ویکسین کے دو انجیکشن لگوائیں۔
سعودی حکام نے زور دیا کہ پہلی فرصت میں طلبا ویکسین کی دونوں ڈوز لگوائیں اور جنہوں نے پہلی ہی خوراک نہیں لی وہ ترجیحی بنیاد پر اس عمل کا حصہ بنیں۔
مملکت میں طلبا اور اساتذہ کے علاوہ اسکولوں کے عملے کے لیے ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔