کراچی: وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے اعلان کیا ہے کہ 70 لاکھ کفالت بینیفشریز کے بینک اکاونٹ کھولنے جا رہے ہیں جب کہ احساس پروگرام میں 70 فیصد حصہ صرف خواتین کے لئے رکھا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گیارہوں کراچی لٹریچر فیسٹول کے سیشن میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، اسٹیٹ بینک کے گورنر رضا باقر ، عائشہ عزیز اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک عشرت حسین نے خطاب کیا۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے فیسٹول کے مالیاتی شمولیت اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق سیشن میں رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو مالیاتی شعبوں میں بھی با اختیار بنانے کے لئے اہم اقدامات کئے جانے ضروری ہیں۔
اسد عمر نے بتایا کہ 70 لاکھ کفالت بینیفشریز کے بینک اکاونٹ کھولنے جا رہے ہیں، یوتھ اسکیم میں 100 ارب روپے کے قرضے دیے جائیں گے جب کہ احساس پروگرام میں 70 فیصد حصہ صرف خواتین کے لئے رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکلز ٹریننگ میں 30 فیصد صرف خواتین کے لئے مختص ہے، تمام فیلڈز میں خواتین کو ہائی ٹیک ٹریننگ دی جا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ دس سے گیارہ کروڑ خواتین کو اگر مواقع دئے جائیں تو اہم تندیلئ لائی جا سکتی ہے۔