لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے گراس روٹ لیول کرکٹ کی بحالی کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا، کلب کی سطح سے ہی کرکٹرز کو اینٹی کرپشن قوانین کا پابند بنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی گورننگ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ کلب کی سطح سے ہی کرکٹرز کو اینٹی کرپشن قوانین کا پابند بنایا جائے گا، فیصلے سے گراس روٹ لیول پر کرکٹ کی بحالی میں مدد ملے گی۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ کلب کی سطح پر پرائیویٹ ٹورنامنٹس کو اینٹی کرپشن یونٹ مانیٹر کرے گا، گورننگ بورڈ نے ٹورنامنٹ جائزہ کمیٹی کے قواعد میں رد و بدل کی منظوری بھی دے دی۔
ذرایع نے مزید بتایا کہ جائزہ کمیٹی میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن، ڈائریکٹر کمرشل کو شامل کر لیا گیا، پرائیویٹ کلب ٹورنامنٹ آرگنائزرز اینٹی کرپشن کوڈ پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ کے بعد سب کا احتساب ہوگا، پی سی بی گورننگ باڈی اجلاس میں فیصلہ
پرائیویٹ کلب ٹورنامنٹس کو مانیٹر کرنے کے لیے پی سی بی کمیٹیاں تشکیل دے گا، براڈ کاسٹ پرائیویٹ کلب ٹورنامنٹس کے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سیکورٹی کا طریقہ کار بھی وضع کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ آج لاہور میں پی سی بی کے گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد سب کا احتساب ہوگا، اجلاس میں کہا گیا کہ جیسا سوچا تھا اس کے برعکس ہوا، کھلاڑیوں کے علاوہ مینجمنٹ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
بھارت سے شکست پر بورڈ ممبران کا کہنا تھا کہ ٹیم سے جیسی پرفارمنس کی توقع تھی سب کچھ اس کے برعکس ہوا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے اختیارات ایم ڈی وسیم خان کو منتقل کردئیے گئے جس کی منظوری لاہور میں ہونے والے اجلاس میں دی گئی۔