کراچی: صوبائی حکومت نے کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث اندورن ملک سے سندھ آنے والے مسافروں پر کڑی شرائط عائد کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادرشاہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے دیگر شہروں سے سندھ آنے والے مسافروں کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ دوران سفر اپنے کرونا سرٹیفیکٹ ساتھ رکھیں، پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافر کرونا ویکسی نیشن کےساتھ ہی سفر کرسکتےہیں۔
اویس قادرشاہ نے ڈرائیورز،کنڈیکٹرز کو بھی کرونا سرٹیفکیٹ ساتھ رکھنےکی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں اور ٹرانسپورٹرز سےدرخواست کی ہے کہ فوری طور پر کرونا ویکسین کرائیں،اس سلسلے میں سندھ کے تمام ریجنل ٹرانسپورٹ سیکریٹریزکو احکامات جاری کردیئےگئے۔
وزیرٹرانسپورٹ سندھ کی جانب سے جاری بیان میں سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ بس مالکان کرونا سرٹیفکیٹ کےبغیر مسافروں کی ٹکٹس بک نہ کریں، اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کےتعاون سےہی ہم کرونا کی وبا کےپھیلاؤ کو روک سکتےہیں۔
گذشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کرونا وائرس کی صورتحال پر بیان میں کہا کہ آج کرونا وائرس کے باعث مزید 14 مریض انتقال کرگئے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوراں 920 نئے کیسز سامنے آئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرونا کے باعث انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 5566 ہوگئی ہے، اس وقت 22359 مریض زیرعلاج ہیں اور 21590 مریض گھروں اور 65 مریض آئسولیشن سینٹرز پر زیرعلاج ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مختلف اسپتالوں میں 704مریض زیرعلاج ہیں اور کرونا سے متاثرہ 648 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے
، اس وقت کورونا کے 55 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔