کورونا کے باعث تعلیمی اداروں کی بندش اور امتحانات کے حوالے سے وزرائے تعلیم کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اے لیول کے امتحانات شیڈول کےمطابق لئےجائیں گے جب کہ دسویں اور بارہویں کے امتحانات دیگر جماعتوں کے امتحانات سے پہلے لیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں صوبوں کے وزرائےتعلیم نےوڈیولنک کےذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دسویں اور بارہویں کے امتحانات دیگر جماعتوں سے پہلے لیے جائیں گے، صوبے دسویں اور بارہویں کےامتحانات کاشیڈول جلدجاری کریں گے۔
اے لیول کے امتحانات شیڈول کے مطابق لئےجائیں گے جب کہ نویں اور گیارہویں کے امتحانات کا فیصلہ کورونا صورتحال کےتحت ہوگا۔
امتحان مختصر کرنے، لازمی کے بجائےصرف اختیاری مضامین کے پیپر لینےکی تجویر پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ امتحانات کی تاریخوں اور طریقہ کار سے متعلق حتمی فیصلہ عید کے بعد کیا جائے گا۔