کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی پروازیں چلانے کی اجازت میں توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ملکی ایئرپورٹس سے ایئرلائنز کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے خصوصی اجازت میں ایک ماہ سے زائد کی توسیع کر دی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اجازت نامے کا نیا نوٹم جاری کردیا جس کے مطابق بین الاقوامی پروازوں کو پاکستان میں آپریٹ کرنے کیلئے 31 اگست تک اجازت ہوگی۔
البتہ تربت اور گوادر ائیرپورٹ پر آپریشن کی اجازت نہیں ہوگی تاہم دیگر تمام ائیرپورٹس پر پروازوں کا آپریشن جاری رہے گا۔
19جون کو حکومت نے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نئی شرائط اور ہدایات جاری کی تھیں۔
نوٹم میں کہا گیا تھا کہ پروازوں کو پاکستان میں آپریٹ کرنے کیلئے سی اے اے خصوصی اوقات کار جاری کرے گا اور خصوصی اوقات کار پروازوں میں مسافروں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری ہوں گے۔
کورونا وائرس کے باعث بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد کی گئی تھی تاہم اس بندش کے دوران پی آئی اے نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے خصوصی ریلیف آپریشن جاری رکھا۔