اسلا م آباد: الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کیلئے سخت اسکروٹنی کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔ الیکشن کمیشن نےریٹرننگ افسران کی اسکروٹنی کا عمل وسیع کر دیا۔
اداروں اورمتعلقہ افسران سےغیر رسمی رپورٹ مانگ لی گئی ہیں۔ پنجاب اور کےپی اسمبلی کے آراوز کی فہرستوں پر کام مکمل کر لیا گیا ہے جب کہ قومی اسمبلی، سندھ، بلوچستان اسمبلی کے آراوز کیلئے اسکروٹنی کاعمل جاری ہے۔
الیکشن کمیشن تسلی کےبعد ریٹرننگ افسران کو تعینات کرے گا۔ تاخیر سےآر اوز کی تعیناتی پر اسکروٹنی عمل کو وجہ بتائی جائے گی۔
قانون کے مطابق عام انتخابات کے شیڈول سے 2 ماہ پہلے آر اوز تعینات کرنا ہوتے ہیں۔ الیکشن کمیشن جلد ڈی آر اوز، آر اوز سمیت اے آر اوز کی تعیناتی کرے گا۔
عام انتخابات کیلئےقومی و صوبائی اسمبلیوں کےحلقوں پر الگ الگ آر اوز تعینات ہوں گے۔ ریٹرننگ افسران تعیناتیوں کے بعد متعلقہ حلقوں کی پولنگ اسکیم تیار کریں گے۔ عام انتخابات کےلئے 859 حلقوں میں ریٹرنگ افسران تعینات کئے جائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے پولنگ اسکیم ڈرافٹ تیار کرلیا ہے ملک بھر میں ایک لاکھ پولنگ اسٹیشنز قائم ہوں گے۔
موجودہ حکومت کی مدت آئندہ ماہ اگست میں ختم ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کے لیے تیاریاں تیز کر دی ہیں اور پولنگ اسکیم ڈرافٹ تیار کر لیا ہے۔