کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں سرکاری گاڑیوں کا غلط استعمال روکنے کے لیے ٹریکر لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے نے صوبے میں سرکاری گاڑیوں کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ٹریکٹر لگانے کا فیصلہ اپریل میں کیا تھا جس پر تاحال مکمل عمل درآمد نہ ہوسکا۔
ذرایع کے مطابق محکموں کو اپریل میں گاڑیوں میں ٹریکر لگا کر رپورٹ بھیجنے کی ہدایت کی گئی تھی، سرکاری محکموں کی جانب سے تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا جس پر دوبارہ ایکشن لیا گیا ہے۔
ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے تمام محکموں کو ایک مرتبہ پھر مراسلہ جاری کردیا گیا۔ مراسلے کے تحت محکموں کو گاڑیوں میں ٹریکر کی تنصیب پر رپورٹ آج جمع کرانے کی ہدایت کردی گئی۔
خیال رہے کہ اس اہم اقدام کا مقصد صوبے میں سرکاری گاڑیوں کے غلط استعمال کو روکنا ہے، گاڑیوں میں ٹریکر موجود ہونے سے مطلوبہ گاڑیوں کے استعمال سے متعلق جائزہ لیا جاسکے گا۔